الیکشن کمیشن کی تشکیل‘عدم اتفاق رائے کے ذمے دارعمران خان ہیں‘اعجاز ہاشمی

150

لاہور (صباح نیوز) جمعیت علماپاکستان کے صدر اور نائب صدر مجلس عمل پیراعجا زاحمدہاشمی نے الیکشن کمیشن کے نئے اراکین اور چیف الیکشن کمشنر پر اتفاق رائے نہ ہونے کا ذمے دار وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خود پسندی کے مرض کا شکار ہے جسے اپنے سوا کو ئی بھی اچھانظر نہیں آتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کوتسلیم کرنے کیلیے تیار نہیں، پی ٹی آئی مقتدر قوتوں کے اکٹھے کیے گئے سیاستدانوں کا ٹولہ ہے، اناڑی حکومت کو اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کا ڈھنگ نہیں، ہر بات زبردستی منوانا چاہتی ہے،جو ممکن نہیں۔انہوں نے سبکدوش ہونے والے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رضا خان نے غیر جانبداری اور دلیری سے آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کی سربراہی کی اور بغیر کسی دبائو کے آئینی ادارے کا وقار بلند رکھاجنہوں نے بلوچستان اور سندھ سے غیر آئینی طریقے سے نامزد حکومتی ارکان الیکشن کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے ان سے حلف لینے سے انکار کردیا۔ جس پر حکومت نے انہیں ہٹانے کی کوشش بھی کی مگر منہ کی کھانی پڑی اور چیف الیکشن کمشنر اپنی مدت عہدہ پوری کرکے سبکدوش ہوئے جوکہ خوش آئند بات ہے۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ پارلیمانی کمیٹی11 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر کے نام پر متفق ہوجائے گی تاکہ اس غیر جانبدار ادارے کی ساکھ کو خراب نہ کیا جاسکے۔