کشمیر پر مجرمانہ خاموشی ثابت کررہی ہے کہ حکمران مودی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں‘ امیر العظیم

215
لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم منصورہ میں جے آئی یوتھ لیڈرشپ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و جبر پر حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی سے ثابت ہوتاہے کہ یہ مودی کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں ۔ مودی نے الیکشن میں بھارت کے لوگوں سے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے کے وعدے کو پورا کردیا ہے ۔ ہمارے نالائق حکمران کہتے تھے کہ مودی کا میاب ہوا تو مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا، اگر یہی حل ٹھونسنے کی کوشش کی گئی تو قوم ان حکمرانوں کو ایک لمحہ کے لیے برداشت نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جے آئی یوتھ شمالی پنجاب کے لیڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ امیر العظیم نے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں 126 دن سے قیامت برپا کر رکھی ہے ۔ 80لاکھ کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں یرغمال اور محصور ہیں اور عالمی انسانی حقوق کے نام نہاد ادارے اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے بزدل حکمرانوں نے پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کو بھی مایوس کیاہے ۔ حکمران ٹیپو سلطان کے نقش قدم پر چلنے کی باتیں کر تے تھے مگر رویہ انہوںنے میر جعفر و میر صادق والا اپنا رکھا ہے۔