اللہ اور رسولؐ سے بغاوت پر مبنی سودی نظام مسائل حل نہیں کرسکتا‘ حسین محنتی

286
شکار پور: جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ضلعی نظم کے اجلا س سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ٹڈی دل نے سندھ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی کاشتکار و آباد گار اس صورتحال سے سخت پریشان ہیں۔ حکومت ٹڈی دل پر کنٹرول اور نقصان پر کاشتکاروں کے ساتھ مالی تعاون کرے‘ قرآن کے انقلابی پیغام پر عمل کرنے سے ہی ہماری زندگی میں روشنی آئیگی۔ اللہ اور اس کے رسول ؐ سے بغاوت پر مبنی سودی نظام معیشت میں عوام مہنگائی ٹڈی دل کا عذاب سمیت مسائل سے نجات اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ مسائل سے نجات کا واحد حل قرآن و سنت کا نفاذ ہے،اسی کے لیے جماعت اسلامی روز اول سے جدوجہد کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور، جندو دیرو، گاڑھو مقام خانپور اور قاضی پٹی میں جلسہ سیرت النبی ؐ، اجتماع ارکان، ضلعی ذمہ داران سمیت مختلف عوامی دعوتی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن،سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اور ضلعی امیر عبدالرحمان منگریو سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی سیاسی و اخلاقی کرپشن نے ملک و نظریہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ مہنگائی سمیت عام آدمی کو رلیف دینے کے موجودہ حکمرانوں کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ مہنگائی ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ پیٹرول وگیس سمیت یوٹیلیٹی بلوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر بجلی گرائی جا رہی ہے، اس صورتحال کے باوجود اگر کوئی حکمران ملک میں مہنگائی کے خاتمے کے دعوے کرتا ہے تو وہ قوم کے ساتھ دھوکا اور جھوٹ بولتا ہے۔ انہوں نے شکارپور سمیت امن وامان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ افراد کو بااثر اشرافیہ کی سرپرستی حاصل ہونے والے بیان پر ایس ایس پی شکارپور کے تبادلہ کی خبریں پولیس کی بے بسی اور حکومتی بی حسی کی انتہا ہے۔ انہوں نے زور دیاکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور قیام امن کے لیے کرپشن فری اقدامات کیے جائیں۔ دریں اثناء صوبائی امیر نے الخدمت اسپتال کا دورہ اور فلاحی سرگرمیوں کی تفصلات معلوم کیں، الخدمت کے ضلعی صدر حافظ نیاز بھٹی منتظم ریاض حسین مہر بھی ساتھ موجود تھے۔