ن لیگ کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا‘ شہبازشریف

299

فیصل آباد (آن لائن) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کی تحقیق کھل کر سامنے آچکی ہے ‘ سلیکٹڈ وزیراعظم کو ملک اورعوام کے مسائل کاکوئی احساس نہیں ‘ ان کے دل میں اپوزیشن کے خلاف بغض بھرا ہوا ہے‘ حکومت سے بہتری کی کوئی امید اب باقی نہیں رہی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر مملکت اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری عابد شیر علی سے لندن میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری عابد شیر علی نے قائد مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم میاںنواز شریف کی عیادت کی اور ان کے اہل خانہ سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ۔ چودھری عابد شیر علی نے اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے بھی ون ٹوون ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور مسلم لیگ (ن) کیخلاف جاری انتقامی کارروائیوں اور مہنگائی پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفا ق کیا ۔