عمران خان نہیں مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا‘ جہانگیر ترین

130

لاہور(اے پی پی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے ہے، مائنس عمران خان کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ماضی میں لوٹ مار کرکے ملک کا بیڑہ غرق کیا اور اپوزیشن کا بویا ہوا ہم کاٹ رہے ہیں، اب تاثر یہ ہے کہ جن لوگوں پر کیسز ہیں وہ باہر جانا چاہتے ہیں، حکومت معیشت کو سنبھال رہی ہے جبکہ معاشی ٹیم نے ملک کو اقتصادی بحران سے نکالا، ہر آنے والے دن معیشت میں بہتری آرہی ہے اور آئے گی۔ وہ اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خان ترین نے کہا کہ پہلے بھی حکومت نے چیئرمین بی این پی اختر مینگل کے ساتھ ملکر بلوچستان کے مسائل حل کیے، ان سے رابطہ ہوا ہے ان کے آئندہ بھی مسائل حل کیے جائیں گے۔ ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومت کا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، ان سے جھگڑا صرف لوٹ مار کی وجہ سے ہے کیونکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے لوٹ مار کرکے ملک کا بیڑہ غرق کیا اور ان کا بویا ہوا آج ہم کاٹ رہے ہیں۔ اپوزیشن کو کرپشن کی وجہ سے رگڑا لگ رہا ہے ۔مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مولانا کا کچھ پتا نہیں چلتا کبھی وہ آتے ہیں اور کبھی جاتے ہیں۔ آئینی معاملات کے حوالے سے ایک سوال پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئینی معاملات کو حل کرنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمے داری ہے اور ہماری یہ بھی آئینی ذمے داری ہے کہ اپوزیشن اور حکومت ملکر بیٹھیں اور آئینی معاملات کا حل نکالیں یقین ہے کہ آئینی معاملات کو ملکر حل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس وقت لندن میں نواز شریف کی تیمارداری میں مصروف ہیں اور اب مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری برادران سے ان کی ملاقات ہوئی ہے‘ ان کو حکومت کے ساتھ کوئی تحفظات نہیں اور نہ ہی کوئی مائنس ون کی بات ہوئی ہے۔