ریاست مدینہ کے لیے دیانتدار اور باکردار قیادت ہونی چاہیے، راشد نسیم

186

لاہور( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور اس کے اسلامی تشخص کو قائم رکھنے کے لیے جس دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے وہ صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے ۔ مشرقی پاکستان ہو یا کشمیر ہر جگہ اسلامی نظریے کی حفاظت کے لیے ہر جگہ جدوجہد کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی اصلاً تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جماعت اسلامی ضلع غربی کراچی کے اجتماع ارکان اور منصورہ میں جے آئی یوتھ شمالی پنجاب کے لیڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے دیانتداراور باکردار قیادت کی ضرورت ہے ۔ یہ قیادت پی ٹی آئی سمیت کوئی سیاسی جماعت نہ دے سکی ہے اور نہ آئندہ کسی سے امیدرکھی جاسکتی ہے ۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور آمریت کو آزمایا گیا مگر سب تجربے ناکام ہوئے اور درد بڑھتا گیا جو ں جوں دوا کی ۔ سب نے عوام کے دکھوں اور پریشانیوں میں اضافہ کیا ۔ راشد نسیم نے کارکنان جماعت کو ہدایت کی کہ اپنے سیرت و کردار کو سنواریں اور اس عظیم مقصد کو پورا کرنے کے لیے خود کو تیار کریں جس کے لیے ہمارے آبائو اجداد نے تاریخ انسانی کی بے مثال قربانیاں د ے کر پاکستان حاصل کیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ 72 سال سے پاکستان ان لوگوں کو ڈھونڈ رہاہے جنہوںنے اللہ تعالیٰ سے عہد کر کے یہ ملک حاصل کیا تھا تاکہ وہ اسلام کے آفاقی نظام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کر کے آزما سکیں اور دنیا میں غلبہ دین کی منزل کو حاصل کر سکیں ۔