رکاوٹوں کی پروا نہیں، خدمت کا مشن جاری رہیگا، وزیراعلیٰ پنجاب

93

لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تبدیلی کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہمارا حوصلہ بلند اور عزم پختہ ہے، رکاوٹوں کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، سچ کی سیاست کرتے ہیں، جھوٹ کے دعوئوں کے قائل نہیں، انتشار کی سیاست کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے، ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، اب صرف عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلیے استعمال نہیں ہوسکتے۔ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کیے، سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا، تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے بجٹ میں 35 فیصد فنڈز رکھے ہیں۔ ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلیے ہی خرچ کرے گی اور جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے۔