آرمی چیف معاملے پر نظر ثانی اپیل کرسکتے ہیں‘ وزیردفاع

311

نوشہرہ (آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے معاملے پر عدالت عظمیٰ میں نظرثانی اپیل دائرکرسکتے ہیں۔نوشہرہ میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق اپوزیشن سے اب تک بات نہیں ہوئی، عدالت عظمیٰ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد حکومت قانونی ٹیم کے ساتھ مل کر فیصلہ کرے گی۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان اور چیف الیکشن کمشنر سے متعلق اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے ہوچکے ہیںاور بدھ تک ان فیصلہ ہوجائے گا۔وزیردفاع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں لیکن گلے شکوے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کا تختہ الٹا دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت 5سال کی مدت پوری کرے گی، ان ہائوس تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے جب کہ مولانا فضل الرحمن سمیت سب بے پر کیاں اڑا رہے ہیں۔پرویز خٹک کے بقول تمام ارکان قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے اورملک سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کریں گے، آئندہ انے والے انتخابات میں بے شک کوئی ووٹ نہ دے۔