چھوٹے تاجروں کیلیے فکسڈ ٹیکس کامسودہ تیار۔ سال میں2بار ادائیگی کرنا ہوگی

354

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ایف بی آر نے ملک بھر کے چھوٹے تاجروں کے لیے فِکسڈ ٹیکس مسودہ تیار کرلیا ہے۔ مسودے کے مطابق چھوٹے دکاندار سال میں 2 بار ٹیکس ادائیگی کریں گے۔ فکسڈ ٹیکس ادا کرنے والے چھوٹے دکانداروں کا کوئی آڈٹ ہوگا اور نہ ہی ودہولڈنگ ٹیکس دینے کی پابندی ہوگی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹ آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا۔ مسودے میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ چھوٹے دکانداروں سے ٹیکس وصولی کی مختلف گیٹیگریز متعارف کرائی جائیں۔ مسودے کے مطابق چھوٹے دکانداروں کے لیے ویلتھ اسٹیٹمنٹ داخل کرنا بھی ضروری نہیں ہوگا جبکہ 150 اسکوائر فٹ والی دکان سے سالانہ35 ہزار روپے فِکسڈ ٹیکس جب کہ 150 سے 300 اسکوائر فٹ کی دکان پر سالانہ 40 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی نے بتایا تھا کہ تاجروں کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے اور تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کے لیے ٹیکس ریٹس جاری کیے جائیں گے، اس معاہدے پر آئندہ ہفتے سے عمل درآمد شروع ہوگا۔