پچپن فیصد پاکستانیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور وزرا کو نااہل قراردیدیا

282

اسلام آباد (آن لائن) گیلپ سروے کے مطابق آدھے سے زیادہ پاکستانیوں نے تحریک انصاف کے وزراء کو نااہل قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ گیلانی اینڈ گیلپ ریسرچ فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے کیے گئے سروے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں سے مردوخواتین کی بڑی تعداد سے سوال کیاگیا تھا کہ ’’کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جماعت کے رہنما اوروزراء نااہل ہیں جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ اہل ہیں، اس بارے آپ کی رائے کیا ہے؟‘‘ جس پر55فیصد پاکستانیوں نے جواب دیا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ حکومتی جماعت کے رہنما اور وزرا نااہل ہیں۔ 41 فیصد نے کہا کہ وہ انہیں اہل سمجھتے ہیں جبکہ صرف 4 فیصد نے کہا کہ وہ اس بارے کچھ نہیں جانتے یا جواب نہیں دینا چاہتے۔ اس سے قبل بھی گیلپ نے ایک سروے کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی پر 53 فیصد شہری ناراض اور 45 فیصد خوش ہیں۔ موجودہ حکومت کی کارکردگی کو 92 فیصد ووٹرز نے بہترین قرار دیا۔ سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان ووٹر حکومتی کارکردگی سے جہاں انتہائی مطمئن ہیں وہیں وہ مہنگائی میں اضافے سے پریشان نظر آئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز تقسیم نظر آئے، 60 فیصد افراد نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو سردار عثمان بزدار سے بہتر قرار دیا تھا۔