کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے جیسی باتیں صرف بے وقوف لوگ ہی کرسکتے ہیں،وزیر اعظم

821

 وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک قومی دولت لوٹنے والوں پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں اورعجیب بات کہی جاتی ہے کہ اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے،یہ بات صرف بیوقوف لوگ ہی کرسکتے ہیں۔

انسداد بدعنوانی کےعالمی دن ک موقع پراینٹی کرپشن ایپ لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بدعنوانی سے متعلق ایپ لانچ کر کے بڑی خوشی ہوئی،اینٹی کرپشن پنجاب کی کارکردگی متاثرکن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین نے کرپشن کے خلاف بڑی مہم چلائی،سوئٹزرلینڈ میں وسائل نہیں لیکن ترقی میں آگے ہے، بیروت میں لوگ کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں، چلی اورعراق میں بھی عوام کرپشن کے خلاف سڑکوں پر ہیں لیکن یہاں پر قومی دولت لوٹنے والوں پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں اورعجیب بات کہی جاتی ہے کہ اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے، یہ بات صرف بیوقوف لوگ ہی کرسکتے ہیں،ہمیں یہ مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال معاشرے میں سب سے زیادہ انسداد کرپشن پر توجہ دی جاتی ہے کیوں کہ کرپشن کی رقم عوام پرخرچ ہونے کے بجائے لوگوں کی جیبوں میں چلی جاتی ہے، جو رقم تعلیم پر خرچ کرنی تھی وہ باہر ملکوں میں بڑے بڑے محلات پر لگائی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملتان میٹرو غیر ضروری منصوبہ ہے، ملتان کے لوگ کہتے رہے ہمیں میٹرونہیں چاہئے وہاں میٹرو خالی چل رہی ہے اور اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے،یہ منصوبہ پیسوں کےلئے بنایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرپٹ لوگ پیسہ بینکوں کے ذریعے نہیں ٹی ٹیز کے ذریعے باہر بھجواتے ہیں، کرپٹ لوگ پیسہ باہر بھجوا کر ملک کا دوگنا نقصان کرتے ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، لیکن اوورسیزپاکستانی کہتے ہیں کرپشن ہے ہم پاکستان میں انویسٹمنٹ نہیں کرتے، کرپٹ معاشروں میں سرمایہ کاری نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جہاد میں قوم کو بھی حصہ لینا ہو گا،نوجوان جب کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے تو نیا پاکستان بنے گا، کرپٹ آدمی ملک اور عوام کا دشمن ہے،کرپشن کے خلاف نوجوانوں کو خاص شرکت کرنا ہوگی، اس سے متعلق عوام کو بتائیں کہ اس سے کیا نقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایپ لانچ کی ہے تو اس کے بارے میں بھی عوام کو بتانا ہو گا،ضرورت ہو تو اشتہار کے ذریعے عوام کو بتائیں اس سے کیا فائدہ ہوگا۔