ن لیگ کا الیکشن کمیشن تقرریوں،آرمی چیف توسیع کی ترمیم کا حصہ نہ بننے کا اعلان

379

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ انکی پارٹی نےالیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے مجوزہ ترمیم کے حوالے سے حکومت سے رابطے نہ رکھنے کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے نواز شریف کی رہائش گاہ پر حملے کرنے کی کوشش کی ،اگر نواز شریف کے گھر کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم مزاحمت کریں گے،مخالفین کے گھروں کا تقدس پامال کرنے کی روایت لائی گئی ہے،ہم ایسے رویے رکھنے والوں کے چہرے نہیں بھولیں گے،گھروں کا تقدس پامال نہ کیاجائے،ایسے رویوں سے تشدد کی لہر شروع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی دشمنی کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہ کریں، دشمنی ہم بھی نبھانا جانتے ہیں، ہمیں جنگ کا پیغام دیا جارہا ہے، ہم اس کے لیے تیار ہیں لیکن پھر سسٹم لپیٹا جائے گا۔

خواجہ آصف نےکہاکہ ہمارے قائد کے گھروں پر حملہ ہوسکتاہے تو سب کے گھروں پر ہوسکتاہے، ہم دشمنی بڑھانا نہیں چاہتے  تاہم اب ہم الیکشن کمیشن کے معاملات اور آنے والی ترمیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔

لیگی رہنما نے الیکشن کمیشن تقرریوں سمیت کسی بھی قانونی ترمیم کے لیے حکومت سے رابطہ قائم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں حکومت سے رابطے برقرار نہیں رکھے جاسکتے، جو کانٹے بکھیر رہے ہیں، ان کو یہی چنیں۔