نواز شریف مجرم ہوکر بھی باہر چلے گئے ہیں لیکن آصف زرداری بغیر کسی جرم کے جیل میں ہیں، بلاول بھٹو

484

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف مجرم ہوکر بھی ملک سے باہر چلے گئے ہیں لیکن آصف زرداری بغیر کسی جرم کے جیل میں ہیں،

پمز ہسپتال  میں والد آصف زرداری کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کی طرح آصف زرداری کو بھی طبی بنیادوں پر ریلیف ملنا چاہیئے، آصف زرداری کی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی، ہمیں امید ہے کہ عدالتوں سے ضرور انصاف ملے گا،ضمانت ہوئی توآصف زرداری کوکراچی کےاسپتال میں منتقل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف مجرم ہوکر بھی ملک سے باہر چلے گئے ہیں لیکن آصف زرداری بغیر کسی جرم کے جیل میں ہیں،آصف زرداری کو وہ سہولتیں دی جائیں جو عام شہری کا حق ہے،عمران خان نوازشریف کو باہر بھیج کر کہتے ہیں نہیں چھوڑوں گا، لوگ آپ کو پہچان گئے، جھوٹ بولنا بند کریں آپ سلیکٹڈ ہیں عوام نے پہچان لیا ہے، عوام کٹھ پتلی کے تماشے نہیں دیکھنا چاہتے، مسائل کاحل چاہتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نا اہل حکومت میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں، صرف مخالفین کو دباوَ میں رکھنے کے لیے حربے استعمال کرتے ہیں، حکومت سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے لیکن ہم تمام تر دباؤ کے باجود خاموش نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ اداروں کو مضبوط بنایا جائے، کب سے سن رہے ہیں سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ جا رہے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کا تاریخی مینڈیٹ ہے، سندھ حکومت کو ہٹانا بہت مشکل ہے۔