سندھ کابینہ نے اسٹوڈنٹ یونین کو بحال کرنے کا بل منظور کرلیا

184

سندھ کابینہ نے تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹ یونین کی بحالی کابل منظور کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے اسٹوڈنٹ یونین کو بحال کرنے کا بل منظور کرلیا ہے، جو اسمبلی میں پیش کرکے اسے قائمہ کمیٹی برائے قانون کو بھیجا جائے گا، جہاں سے منظوری کے بعد اسے اسمبلی میں حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

مجوزہ قانونی بل کے مطابق اسٹوڈنٹس یونین کسی بھی تعلیمی ادارے،پبلک یا نجی ہو میں بنائی جاسکتی ہے،اسٹوڈنٹ یونین 7 سے 11 ممبران پر مشتمل ہوگی اور یہ یونین طلبہ منتخب کریں گے،یونین کا کام تعلیمی ماحول بہتر کرنا، نظم و ضبط پیدا کرنا اور غیر نصابی سر گرمیوں کا فروغ ہوگا.

بل کے مطابق اسٹوڈنٹ یونین کے لیے اسلحہ رکھنا، اس کے استعمال یا تعلیمی اداروں میں لانا خلاف قانون ہوگا، اس کے علاوہ تعلیمی سرگرمیوں کو روکنا،اسٹوڈنٹس یا اسٹوڈنٹ گروپس میں نفرت پھیلانا بھی خلاف قانون ہوگا۔