ایچ ڈی اے ملازمین کو 8 ماہ سے تنخواہیں نہ دینا ظلم ہے،حافظ طاہر مجید

85

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ واسا اور ایچ ڈی اے انتظامیہ ملازمین کی 8ماہ کی تنخواہیں جاری کرے اور اس مسئلے کو جلد از جلدترجیحی بنیادوں پر حل کرے، ملازمین کو8ماہ سے تنخواہیں نہ دینا سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔6ماہ سے پینشن اور ورک چارج ملازمین کی8ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین شدید بھوک افلاس ، معاشی بدحالی کی زندگی گزار رہے ہیں اور حالات دن بہ دن خراب تر ہوتے جارہے ہیں ۔ اس تمام صورتحال کی ذمے داری ایچ ڈی اے انتظامیہ اور حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے واسا اورایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے ایک وفد سے دفتر جماعت اسلامی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملازم شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور اب تک کئی ملازمین انتقال کرچکے ہیں۔ ایمپلائز یونین وفد کے رہنما اعجاز حسین ، عبد القیوم بھٹی ، عبد الحمید خان ، وحید اللہ ، چاند محمد اور جمیل احمد نے ضلعی امیر حافظ طاہر مجید کو بتایا کہ خطوط ، اخباری بیانات ، جلسے، جلوسوں اورمظاہروںکے ذریعے انتظامیہ اور حکومت سندھ کو اس طرف توجہ دلاتے رہے ہیںلیکن حالات اب تک جوں کے توں ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے وفدکو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے۔ان کے حقوق کے لیے بھر پورآواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پایاجاتا ہے جسے دور کرنے اور اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔
حافظ طاہر مجید