پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز ، فواد عالم کی 10 سال بعد واپسی

116

 

لاہور(جسارت نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے 16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ صرف2 تبدیلیاں کرتے ہوئے دورہ آسٹریلیا کا اسکواڈ بر قرار رکھا گیا ہے ،فواد عالم کو10سال بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ندیم خان کے ہمراہ ٹیم کا اعلان کیا۔ مصباح الحق نے اس موقع پر کہا کہ یہ تاثر قطعاً غلط ہے کہ ٹیم کی سلیکشن میں ون مین شوہے اور صرف میرا عمل دخل ہوتا ہے ، سلیکشن کمیشن 6 رکنی کمیٹی پر مشتمل ہے اورکھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے اور بحث و مباحثہ کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ساری توجہ سری لنکا کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے،ہم نے میچ وننگ ٹیم بنائی ہے اور ٹیم منتخب کرنے کے لئے کافی مشاورت کی گئی ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہورہی ہے، پاک اور سری لنکا سیریز کے نتائج ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے لئے اہم ہوں گے۔مصباح الحق نے ہفتہ کے روز ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اظہر علی کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق،فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (جونیئر)، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود،یاسر شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔مصباح الحق نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فواد عالم کو افتخار احمد کی جگہ جبکہ محمد موسی کی جگہ عثمان شنواری کوٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔محمد موسی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور یہ اقدام مستقبل کو مد نظر رکھ کر اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں فواد عالم کی 4 سے 5 سال کی پرفارمنس ہے اور وہ ابھی بہت اچھی فارم میں ہیں۔ بولنگ کے لحاظ سے ہم تھوڑی جدوجہد کررہے ہیں اور عثمان شنواری کی فارم اس حوالے سے بہت اچھی ہے، اس حوالے سے سب کی رائے ہے کہ عثمان شنواری کی انرجی اور بولنگ بہت زبردست رہی ہے اس لئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ افتخار احمد نے وائٹ بال کرکٹ میں بہت اچھا پرفارم کیا ہے، یہ ایک مشکل فیصلہ ہوتا ہے جب ٹیم میں سے کوئی جاتا ہے لیکن ہم ٹیم میں محدود اسکواڈ ہی شامل کرسکتے ہیں۔