شیرشاہ سوری نے کتنے منصوبے مکمل کیے؟ سلیکٹڈ حکومت نے معیشت تباہ کر دی‘ بلاول

413
کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری انڈر پاسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کراچی میں سندھ حکومت کے تحت 5 ارب 90 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہونے والے 7 منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے۔ان منصوبوں میں شہید ملت روڈ انڈر پاس، بیگم رعنا لیاقت علی خان فلائی اوور، ٹیپو سلطان روڈ، سب میرین انڈرپاس، سن سیٹ فلائی اوور، کورنگی 12000 روڈ اورا سٹیڈیم روڈ شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ کراچی میں آج 7 میگا پروجیکٹس کا افتتاح ثابت کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی کام کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر ٹیکسوں کے طوفان اورسونامی میں بہہ رہے ہیں۔ میرے شہر کے مزدوروں کو ان کا حق نہیں دیا جارہا ہے۔ نالائق سلیکٹڈ حکومت عوامی مسائل کا حل نہیں نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں طے کردہ رقم سے کم مالیت میں شہید ملت فلائی اوور کا افتتاح ہوا ہے۔ بیگم رعنا لیاقت فلائی اوور 7 ماہ، ٹیپوسلطان روڈ5 ماہ، سن سیٹ فلائی اوور 5 ماہ ، سب میرین انڈر پاس 13 ماہ اورسید صبغت اللہ راشدی روڈ 15 ماہ میں مکمل ہوا ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ سگنل فری منصوبے سے شہر میں ٹریفک جام کے مسائل کم ہوںگے۔ وفاقی حکومت لوگوں کوبے روزگار کر رہی ہے ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔ آئندہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سرمایہ داروں کو چھوڑ کر چھوٹے تاجروں کو دینا ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کام نہ کرنے کا طعنہ دینے والے آج دیکھ لیں، وفاقی حکومت نے کراچی والوں سے صرف وعدے کیے ہیں۔ وفاقی حکومت نے شہر میں ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا ہے۔ 3 ماہ میں گرین لائن چلانے کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہوا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ 2 ماہ میں مزید 171 منصوبے مکمل کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات اور محکمہ محنت سعید غنی نے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کی ترقی میں کام نہیں کررہی ہے۔ اس وقت کراچی میں تقریباً 40 منصوبے چل رہے ہیں اور پانی اور سوریج سمیت دیگر کام ہونے جارہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلاول اور وزیر اعلیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کام پر توجہ دی ہے۔وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ اس دفعہ منصوبے وقت سے پہلے اور شفاف طریقے سے مکمل ہوئے ہیں، ان منصوبوں میں بچت بھی کی اور وہ پیسے دیگر اسکیموں پر خرچ کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ملیر ایکسپریس وے کی فزیبلٹی بھی مکمل ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی مہیا کرنے کے لیے منصوبے پر کام جاری ہے اور اسی ماہ شہر کو اس منصوبے سے 100 ملین گیلن روزانہ ملنا شروع ہوجائے گا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ڈی سیلینیشن منصوبے پرکام شروع کرنے جارہے ہیں۔ گھر گھر کچرا اٹھانے کی اسکیم بھی شروع کررہے ہیں۔