مریم نواز کی جگہ پی ٹی آئی کا نام ای سی ایل میں شامل ہونا چاہئے

256

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کے بجائے فارن فنڈنگ اور بی آر ٹی کھڈے کیس میں پوری پی ٹی آئی کا نام ای سی ایل میں شامل ہونا چاہئے۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرکاری خرچ پر نیب اور پی آئی ڈی کو صرف نواز شریف،شہباز شریف، مریم نواز، شریف خاندان اورمسلم لیگ (ن) کے خلاف سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت کی پریشانی 22 کروڑ عوام نہیں، سیلیکٹڈ وزیراعظم اور دو درجن ترجمانوں کا مسئلہ مہنگائی، معیشت کی بدحالی، عوام کا کاروبار اور روزگار نہیں صرف شریف خاندان ہے، ان کو دن رات شریف فیملی اور مسلم لیگ (ن) کا خیال ستاتا رہتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے  کہا کہ مریم نواز نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھا،گرفتار کرنے کے لئے الزام لگایا کہ دادا نے پوتی کو جائیداد میں حصہ کیوں دیا،مریم نواز کو لاہور ہائی کورٹ نے میرٹ پہ ضمانت دی،مریم نواز تین مہینے نیب کی حراست میں رہیں، لیکن نیب کوئی کرپشن ثابت نہیں کرسکا، مریم نواز پر آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا،

انہوں نے کہا کہ مریم نواز عدالتی فیصلے کے بعد اپنی والدہ کو بسترِ مرگ پہ چھوڑ کر وطن واپس آئیں، مریم نواز کیوں اپنے والد کی تیماردای کرنے نہ جائیں ؟، مریم نواز پر ابھی تک کوئی ریفرنس دائر نہیں ہوا،حکومتی ترجمان اپنے بیانات سے زیرِ سماعت مقدمے پہ اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ فارن فنڈنگ اور بی آر ٹی کھڈے کیس میں پوری پی ٹی آئی کا نام ای سی ایل میں شامل ہونا چاہئے، پارلیمان اور پی ٹی وی پر حملہ ، مالم جبہ کیس میں عمران صاحب کا نام ای سی ایل میں ہونا چاہئے۔