نکاح بے حیائی روکنے اورمسلم معاشرے کیلیے باعث رحمت ہے‘ نصراللہ

102

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ اسلام میں نکاح کی بہت بڑی اہمیت ہے، نکاح امت کے احیا کی نشانی اور معاشرے میں بے حیائی کے آگے بند باندھنے میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ مسلمانوں کے لیے باعث رحمت بھی ہے،ظاہری خوبصورتی، مال ودولت کے بجائے ایمان اور تقویٰ کی بنیاد پر وجود میں آنے والے خاندان زیادہ مضبوط اور  پائیدار ہوتے ہیں، نکاح والدین کی رضامندی سے بہتر خوشیوں کا باعث اور ایسے جوڑے تاحیات ازدواجی زندگی میں سکون اور چین پاتے ہیں، نکاح کے بعد شوہرکے لیے بیوی کو حق مہر کی ادائیگی لازم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوری آباد کے مقام32میل میں پالاری برادری کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جامشورو ضلع کی معزز شخصیت ملک چنگیز خان،پی ایس پی کے رہنما اور سابق ایم این اے آصف حسنین، جے یو آئی کے ضلعی رہنما مولانا عبدالجبار حیدری اور جماعت اسلامی ضلع جامشورو کے امیر حافظ صالح پنہور بھی موجود تھے۔ حافظ نصراللہ عزیز نے مزید کہا کہ موجودہ مہنگائی، بے روزگاری اور سونامی حکومت کی معاشی پالیسیوں کی بدولت اسلام کا اہم جز نکاح مشکل سے مشکل ہوچکا ہے جبکہ مغربی تہذیب،طاغوتی قوتوں کی بے حیائی اور مغربی کلچر کے فروغ کے باعث معاشرے میں زنا عام ہورہا ہے ان حالات میں کمیونٹی بنیاد پر اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے غریب جوڑوں کی اجتماعی شادی کی یہ تقاریب معاشرے کے لیے بہت بڑی غنیمت ہیں، اللہ ان لوگوں کے خاندانوں کو بھی خوشیاں عطا کریں گے جوپسماندہ شہری اور دیہاتی علاقوں میں غریب خاندانوں کی اجتماعی شادیوں کی تقاریب، جہیز سمیت دیگر اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔ اسلام میں نکاح کی بہت بڑی اہمیت ہے، حضورؐ نے فرمایا کہ ’’نکاح میری سنت ہے جس نے نکاح نہیں کیا وہ ہم میں سے نہیں ہے‘‘ اس لیے امت کے ہر بالغ نوجوان اور لڑکی کا نکاح کرانا ان کے والدین پر فرض ہے، نکاح امت کے احیا کی نشانی اور معاشرے میں بے حیائی کے آگے بند باندھنے میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ مسلمانوں کے لیے باعث رحمت بھی ہے، آج یورپ میں خاندانی نظام برباد ،عورت کو ٹشو پیپر جبکہ لاکھوں بچے والدین کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ وہاں کے معاشرے میں شادی کے بغیر جنسی تعلقات قائم کرنا ہے، اسلام نے عورت کو عظیم مقام ومرتبہ عطا کیاہے۔
نصراللہ