کپتان ریاست مدینہ نہیں فرعون کی طرزپر حکمرانی کررہے ہیں، فضل الرحمن

390

سکھر (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن نے موجودہ حکومت کی15ماہ کی کارکردگی کو بد ترین، معیشت کی بہتری کے حکومتی دعوئوں کو اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ اور عمران خان کو جھوٹ کا ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعوے عوام کے ساتھ مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں ہیں‘ کپتان ریاست مدینہ نہیں فرعون کی طرز پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد، سندھ کونسل کے رکن مولانا عبدالحق مہر کے ساتھ ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ سکھر سے پارٹی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ جعلی مینڈنٹ سے بنائی گئی حکومت کو روز اول سے جھوٹے وعدوں اور بے بنیاد دعوئوں کے ذریعے چلانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے‘ حقیقت اس کے بر عکس ہے کہ معیشت روز بگڑتی جا رہی ہے‘ مہنگائی اور بے روزگاری بے پناہ بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یوٹرن حکومت نے اپنے دعوے کے برعکس ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیکر عوام کو ریلیف نہیں دے سکی اس سے زیادہ بڑی ناکامی اور کیا ہوگی‘ فرعون صفت حکمران خزانے پر سانپ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں یہ ریاست مدینہ کی طرز کی نہیں بلکہ فرعون کی طرز کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کی حکومت نے15ماہ میں جو گند کیا ہے‘ 70 سال میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ترجمانوں اور وزرا بھی جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کیے ہوئے ہیں ‘ یہ بھی اپنے کپتان کے جھوٹ کو سچ بنانے کے لیے طوفان بدتمیزی برپا کیے ہوئے ہیں مگر اس طرح حقائق کو بدلہ نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اب ملک میں آئینی بحران کا بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے‘ اب اس حکومت کو مزید مہلت نہیں دی جا سکتی۔