سندھ میں گورننس خراب ،حکومت ناکام ہے، وزیراعظم

264
اسلام آباد: وزیراعظم تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ میں گورننس خراب اور حکومت نہیں ناکام ہے ۔ ان کے بقول اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر یہ سب پریشان ہیں۔جمعہ کو سندھ کی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک میں پی ٹی آئی، ایم کیوایم پاکستان اور جی ڈی اے کے رہنماؤں سمیت آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے اور قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دیہی و شہری علاقوں کو نظرانداز کررہی ہے،پیپلزپارٹی کے اہم رہنماں کے خلاف کرپشن کے شواہد بھی ملے ہیں، صوبائی حکومت کی زیادتیاں ایک طرف سندھ میں وفاقی ادارے بھی تعاون نہیں کرتے، مرادعلی شاہ کے ہوتے ہوئے وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکے گا۔شرکاء نے وزیراعظم سے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی آئی کی سندھ میں پیپلزپارٹی سے کوئی ڈیل ہوگئی ہے جو سندھ حکومت کے حوالے سے اتنی خاموشی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے خلاف شکایات سردارعلی گوہر مہر، ڈاکٹر ذوالفقارمرزا، خرم شیرزمان، حلیم عادل اور دیگر نے کیں۔اس موقع پر عمران خان نے سندھ میں گورننس اور سیاسی حالات کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے آیا ہوں، کسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل دی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت اطلاعات و نشریات کا ایک بھی اجلاس ہوا، جس میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان وفاقی وزیر اسد عمر، شہباز گل، زاہدہ پروین نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم کو ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے حوالے سے پی آئی ڈی کے کردار اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، وزارت اطلاعات میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ میڈیا ورکرز کے گھروں کے چولے ٹھنڈے نہ ہوں۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ اور ان سے تعاون وزارت اطلاعات کی ذمہ داری ہے،میڈیا ورکرز کی فلاح وبہبود کے منصوبوں، معاشی ترقی اور خارجہ امور کو اجاگر کیا جائے۔مزید برآںاسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کی تقریب سے خطاب شروع کرنے سے قبل وزیراعظم نے کہا کہ ‘نوجوان کہتا ہے کہ سنا ہے، عمران خان کرپٹ لوگوں سے ہاتھ نہیں ملاتا’۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ’15 یا 20 دنوں میں تقریباً 10 لاکھ لوگوں نے قرضوں کے لیے رجوع کیا ہے اور اب تک ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے اپنے کاروبار کے منصوبوں کی خاطر قرض کے لیے درخواست دی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوشش کرنی ہے کہ کاروبار کے لیے آسانی پیدا کریں ،ہمارا قرضے دینے کا یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ہے لیکن اس سے چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری بھی فائدہ اٹھائیں گے۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگوں کو سمجھ نہیں کہ سیاحت کے کتنے مواقع ہیں، سب سے جلدی اگر نوکریاں ملیں گی تو سیاحت میں ملیں گی۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے جمعہ کو ملاقات کی ہے ،ا سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اس موقع پر موجود تھے۔