پی ٹی آئی خواتین اراکین اسمبلی کے خلاف نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ

312

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی تین اراکین اسمبلی کنول شوذب، ملائیکہ بخاری اور تاشفین صفدر کی نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ دوران سماعت عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا مخصوص نشست کی نااہلی کے لیے آج تک کوئی الیکشن ٹریبونل میں کیس آیا۔اس پر وکیل الیکشن کمیشن ثنا اللہ زاہد نے کہا کہ ابھی تک مخصوص نشست کی نااہلی کے لیے کوئی درخواست نہیں آئی۔

واضح رہے کہ عبد اللہ خان نامی شہری کی جانب سےپی ٹی آئی کی تین خواتین اراکین قومی اسمبلی کو 62 ون ایف کے تحت نااہل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ شہری کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کی گئی ہے کہ اراکین اسمبلی نے اپنی دوہری شہریت کو چھپایا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دہری شہریت رکھتی تھی جب کہ تاشفین صفدر نے بھی دہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں، اس کے علاوہ  کنول شاہ زیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی سے متعلق غلط بیانی کی، اس لئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیاجائے۔