کتاب سے دوری حقیقت میں علم سے دوری ہے،عامر خان

1423

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)دور جدید میں کتب سے زیاد ہ انٹر نیٹ کو اہمیت دی جارہی ہے مگر کتاب سے دوری حقیقت میں علم سے دوری ہے۔ بچوں میں بھی کتب بینی کا شوق پروان چڑھانے کی ضرورت ہے،

طلباء کیلئے کراچی انٹر نیشنل بک فیئر ایونٹ کسی نعمت سے کم نہیں، ہم صرف تعلیم پر توجہ دے رہے ہیں مگر تعلیمی نصاب پر توجہ نہیں،میں نے کبھی کتاب چوری کر کے نہیں پڑھی،مطالعہ کے شوق کی وجہ سے لائبریریاں ضرور چھان ماریں ہیں،ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینیر عامر خان، سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق اورمتحدہ رہنما فیصل سبزواری نے نمائش کے دوسرے دن کتب میلے کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،

 

اس موقع پر پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد،کراچی انٹر نیشنل بک فیئرز کے کنوینئر وقار متین،ڈپٹی کنوینر نا صر حسین، ندیم مظہر، ایم اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی اور سلیم عبدالحسین اور دیگر آنیوالے مہمانوں کا استقبال کرنے کیساتھ اور طلبا و طالبات کی رہنمائی بھی کرتے رہے،ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان نے بات چیت کے دوران کہا کہ انسان پڑھتا ہے تو سوال کرتا ہے آج ہمارے معاشرے میں سوال کرنا جرم بن گیا ہے۔ اچھا بولنے کے لیے اچھا پڑھنا لازمی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اِن کا کہنا تھا کہ اب زیادہ تر تاریخ کی کتب میں دلچسپی لیتا ہوں آج اس نمائش میں اپنے بچوں کو ساتھ لیکر اس لئے آیا ہوں کہ ان میں بھی کتب بینی کا شوق بڑھے،والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں میں کتب بینی کے شوق کو ابھاریں۔پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے کہا کہ حیدر آباد میں کتب میلہ مقامی سطح پر لگایا جاتا ہے تاہم بین الاقوامی سطح پر ایسے پروگرام کراچی جیسے بڑے شہر میں کرنا ہی ممکن ہے۔ کر اچی انٹر نیشنل بک فیئرمستقبل کے معماروں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں اس نمائش سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں،

متحدہ رہنما فیصل سبزواری کا کہناتھا کہ والدین بچوں کی خواہشات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ کتب بھی لازمی دلائیں۔ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی کتاب چوری کر کے نہیں پڑھی،زمانہ طالب علمی میں مطالعہ کے شوق میں کراچی کی تقریبا ً تمام لائبریریوں سے کتب لے کر اُن کا مطالعہ کیا،انہوں نے کہا کہ ہر ماہ اِس طرح کے ایونٹ کروانا ممکن تو نہیں ہوگا مگر ہر دو ماہ بعد اسکولز اور کالجز سطح پر کتب میلہ کاانعقاد ہونا چاہیے۔قبل ازیں کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری کراچی انٹرنیشنل بک فیئر کے دوسرے دن بھی بڑی تعداد میں طلبا و طالبات،سیاسی، ادبی، تعلیمی اور سماجی شخصیات کی آمد کابھی سلسلہ جاری رہا،جمعہ کو نمائش کے دوسرے دن کتب میلہ میں طلبہ کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جس میں بچوں نے خاصی دلچسپی کا مظاہر ہ کیا جبکہ خواتین کی بڑی تعداد نے گھریلو مسائل کے علاوہ دینی کتب بھی خریدیں۔شہریوں کی آسانی کے لیے کتب میلے میں موبائل اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ بین الاقوامی کتب میلہ ایکسپو سینٹر میں 9دسمبر تک جاری رہے گا۔