وزیر اعلیٰ سندھ کا شہید ملت روڈ پر انڈر پاس کادورہ

1174

شہر کی مصروف ترین شاہراہ شہید ملت روڈ پر حکومت سندھ کے تحت تعمیر ہونے والے 2انڈر پاسز تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہوگئے،

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نو تعمیرشدہ انڈر پاس کا تفصیلی دورہ کیا، ان کے ہمراہ زیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی، صوبائی وزیر بلدیات و زکوۃ سندھ سید ناصر حسین شاہ، اور مشیر قانون،ما حولیات اور کو سٹل ڈیولپمنٹ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں جہاں جہاں تر قیاتی کام جاری ہیں ان کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہو لیات بہم پہنچائی جاسکیں۔ جہاں جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا ہوگا اور منصوبوں کی ضرورت ہوگی حکومت فوری طو ر پر وہاں نئے منصوبوں پر کام شروع کرے گی۔

وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا کہ دو انڈر پاسز میں سے ایک کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں اس کا افتتاح کردیا جائے گا، جب کہ دوسرے زیر تعمیر انڈر پاس کو بھی اسی ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں زیر تعمیر 2 فلا ئی اوورز بھی اسی ماہ میں عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے ۔

واضح رہے کہ 1886 ملین کی لاگت سے شروع ہونے والے اس منصوبے میں ایک فلائی اوور اور دو انڈر پاسز کی تعمیر شامل تھیں،پہلے فیز میں فلا ئی اوور تعمیر کیا گیا جس کے بعد طارق روڈ اور ہل پارک انٹر سیکشن پر انڈر پاسز کی تعمیر کا کام شروع ہوا جو اب تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

منصوبے میں شامل طارق روڈ انڈر پاس ساڑھے پانچ سو میٹرجب کہ ہل پا رک انٹر سکیشن پر تعمیر ہو نے والا انڈر پاس ساڑھے سات سو میٹر طویل اور تین لائنوں پر محیط ہے۔

منصوبے سے قبل مذکورہ شاہراہ پر موجود پانچ ٹریفک سگنل کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے ، جس کے بعد شہر میں قیوم آباد چورنگی سے جیل چو رنگی تک ایک اور سگنل فری کو ریڈرو کا ضافہ ہو گیا ہے ۔منصوبے میں شامل دونوں انڈر پاسز میں ایک انڈر پاس کا کام سوفیصد جب کہ دوسرے انڈر پاس کا کام نوے فیصد مکمل ہو چکا۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد آدھے سے ایک گھنٹے میں طے کیا جانے والا ہینوپارک چورنگی سے جیل چورنگی تک کا سفر محض دس منٹ میں طے کیا جاسکے گا ۔