اخبارت کے اشتہارات کی مدمیں بقاجات کی ادائیگی، صوبائی حکومت کو20روزکی مہلت

159

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے اخبارت کے اشتہارات کی مدمیں بقاجات کی ادائیگی نہ کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر صوبائی حکومت کو4.6ملین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 20یوم کی مہلت دیدی ۔فاضل عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ اگر ادائیگی نہیں کی گئی تو پھر چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری اطلاعات کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے اخبارت کے اشتہارات کی مدمیں بقاجات کی ادائیگی نہ کرنے کیخلاف کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز( سی پی این ای ) کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی ۔ سماعت کے موقع پر محکمہ اطلاعات کے افسر شعیب احمد پیش ہوئے۔ اس موقع پردرخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ دسمبر 2018 ء کے 4.6ملین ہے اور جون 2019ء تک 4.4ملین ہے۔ جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ کی درخواست پر دسمبر 2018ء تک کے واجبات اداہوجائے تو پھر اس کودیکھنا ہوگا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالتکوبتایاکہ ہمیں تو ایجنسیاں واجبات نہیں دے رہی ہیں اور 100میں سے 15فیصدوہ اپنے لے کر 85فیصد توہم کودیں ۔ جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ یہ ایک قانونی معاملہ ہے ،اس میں ہم نہیں جارہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے صوبائی حکومت کو یوم میں واجبات کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے سماعت 21جنوری تک ملتوی کردی ۔