شہباز شریف کے اثاثوں میں دس سال کے دوران 70 گنا اضافہ ہوا، شہزاد اکبر

222

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائےاحتساب شہزاد اکبرکا کہنا ہےکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے اثاثوں میں دس سال کے دوران 70 گنا اضافہ ہوا ہے۔

تفسیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے وزیر مواصلات مراد سعید   کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  نیب کی تحقیقات کے مطابق شہباز شریف فیملی اثاثوں میں ہوشربا اضافہ ہوا،شہبازشریف کے اثاثوں میں 10سال میں 70 گنا اور بیٹے سلمان شہباز کےاثاثوں میں 8ہزار گنا اضافہ ہوا، انہوں نے جعلی ٹی ٹیز کےذریعے رقم منتقل کی اور 33 کمپنیاں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے کرپشن کا الزام لگانے پر ڈیلی میل کےخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک کوئی قانونی کارروائی نہیں کی، اگر قانونی کارروائی کے لیے مالی مدد سمیت جو مدد درکار ہے وہ ہم دیں گے۔

مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث گڈ نیچر کمپنی(جی این سی) کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ اس کے تین ڈائریکٹرز ہیں،نثار احمد گل ، ملک علی احمد، طاہر نقوی کمپنی ملازمین تھے۔ نثار احمد گل نیب کے زیر حراست ہیں اور اس کو پنجاب میں وزیراعلیٰ کے سیکرٹریٹ سے چلایا جاتا تھا۔

معاون خصوصی نے شہبازشریف سے کمپنی ملازمین کے متعلق 18 سوالوں پوچھے،ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کا پیسہ واپس کیا جائے، ہمیں کسی کو جیلوں میں رکھنے کا کوئی شوق نہیں،ٹی ٹی پہلے بھی ناجائز نہیں تھی اب بھی نہیں،جی این سی میں ایشو ٹی ٹی نہیں بلکہ کاغذی فیک ٹی ٹی ہے۔

انہوں نے کہا میری نیب سے درخواست ہے کہ ہنگامی بنیاد پر ان کیسز کو چلائیں،کیسز میں پلی بارگین کا آپشن موجود ہے اور چیئرمین نیب کو اختیار حاصل ہے۔

شہباز شریف سے 18 سوال

معاون خصوصی نےشہباز شریف سے 18 سوالا ت کے جواب مانگتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ  نثار احمد گل اور ملک علی احمد سیاسی مشیر نہیں تھے؟ کیا ملک علی احمدشہبازشریف کے فرنٹ مین نہیں تھے؟۔

کیاملک علی احمد اور نثار احمد گل کاغذی کمپنی کے مالک نہیں تھے؟،کیا نثار احمد گل نے بینک اوپننگ فارم میں عہدہ مشیراور پتہ وزیراعلیٰ ہاوَس نہیں لکھوایاتھا؟، کیا نثار احمد گل سلیمان شہبازکے ساتھ دبئی اور قطرنہیں گیا تھا؟، کیا کیش بوائز نے کروڑوں روپے آپ کے ذاتی اکاوَنٹ میں منتقل نہیں کیے تھے؟،کیا اس رقم سے تہمینہ درانی کے لیے 2ولاز نہیں خریدے؟.

انہوں نے سوال کیا کہ کیا شعیب قمر اور مسرورانور نے رقم حمزہ اورسلیمان کے اکاوَنٹ میں منتقل نہیں کی؟ کیا نثاراحمد گل کے اکاوَنٹ سے رقم آپ کو منتقل نہیں ہوئی تھی؟ کیا رقم آپ اور آپ کے اہلخانہ کے ذاتی اخراجات میں استعمال نہیں ہوتی تھی؟،

بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہاکہ جی این سی کے مالکان کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات نہیں کیا گیا؟آپ کالے دھن کی سرپرستی نہیں کرتے تھے؟ کیا آپ کی رہائش گاہ پر کک بیکس کی رقم وصول نہیں ہوتی رہی ؟۔

کیا جعلی ٹی ٹیوں کی رقم ماڈل ٹاوَن رہائش گاہ کی تعمیر پر خرچ نہیں ہوئی؟کیا دبئی کی 4کمپنیاں نصرت شہبازاورسلیمان کے اکاوَنٹ میں پیسے نہیں بھیجتی رہیں؟ کیا دبئی کی 4کمپنیاں وہی نہیں جو زرداری کیلئے بھی منی لانڈرنگ کرتی رہی ہیں؟ کیا آپ(شہباز شریف) کے داماد علی عمران نوید اکرم کے ذریعے زلزلہ زدگان کی رقم کی لوٹ مار نہیں کی؟۔