اسپیکر قومی اسمبلی کا اسپیشل افراد کے لیے ایوان کی منتخب کمیٹی بنانے کا اعلان

86

اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایوان کی منتخب کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمان خصوصی افراد کے ہم قدم ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پارلیمانی سطح پر متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی بنایا جائے گا،تمام مجالس قائمہ کو ہدایت
کرتا ہوں کہ وہ خصوصی افراد کے لیے مختص 2 فیصد کوٹے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں ۔ منگل کو خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زارپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ملک کی پارلیمانی تاریخ کی پہلی تقریب ہے۔ہمارے معاشرے کا ایک بڑا طبقہ خصوصی افراد پر مشتمل ہے۔ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ ہماری تھوڑی سی توجہ انہیں معاشرے کاکارآمد شہری بناسکتی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کے لیے سلیکٹ کمیٹی بنائی جائے گی۔خصوصی افراد کی مشکلات کے خاتمے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل کے لیے چیئرمین سینیٹ اور قائد ایوان سینیٹ سے مشاورت کی جائے گی، اسد قیصر نے کہا کہ میں نے پاکستان کے مختلف شہروں میں جا کر خصوصی افراد کے لیے کام کرنے والوں اداروں کے کام کو خود دیکھا ہے۔قومی اسمبلی تک معذور افراد کی رسائی کو ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر اس کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اسد قیصر