وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

435
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پی پی پی موڈ کے تحت شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ ملیر ایکسپریس وے کے لیے ایک پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرے تاکہ اس پر آئندہ 7 ماہ کے اندر کام شروع ہوسکے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، صوبائی کابینہ کے اراکین نثار کھڑو، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، امتیاز شیخ، سید ناصرشاہ، مرتضیٰ وہاب،مختلف محکموں کے سیکریٹریز بشمول بورڈ آف ریونیو اور پی پی پی یونٹ کے ڈی جی خالد شیخ نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ ملیر ندی کے لیے رائٹ آف وے(آر او ڈبلیو) کا نوٹیفیکیشن جاری کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حب کینال پروجیکٹ کی ری ویمپنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ ری ویمپنگ حب کینال سے ضلع غربی تک تمام بلک واٹر سپلائی سسٹم کے لیے ہے۔ ،وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کے لیے متبادل انرجی کا حل تجویز کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی پی پی موڈ پر شہر کے لیے 4 اربن روڈز کے منصوبوں کی بھی منظوری دی، یہ کاز وے جوکورنگی کراسنگ کو کے پی ٹی انٹر چینج کے ساتھ ملاتاہے پر ملیر ندی کے اوپر 4 رویہ پُل تعمیر ہوگا۔ ملیر ندی پر نیا پُل پی اے ایف کے گیٹ تک ملیر ندی کے بائیں کنارے پر 4 رویہ ایکسپریس وے کی تعمیر جوکہ 6 کلو میٹر طویل پُل /سڑک ہوگی۔ آئی سی آئی پُل اور جناح پُل کے جنکشن پر آئی سی آئی انٹر چینج کی تعمیر ہے۔ ماڑی پور روڈ سے وائے جنکشن ٹرک اسٹینڈ کے پیچھے سے 4 رویہ ایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ بھی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر انرجی کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے پر ہونے والے کام کی ذاتی طورپر نگرانی کریں اور اسے مقررہ وقت میں مکمل کرائیں۔علاوہ ازیں ایک اور اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈینگی کنٹرول پروگرام کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تحقیق پر مبنی کام شروع کرے تاکہ غیر محفوظ علاقوں میں حفاظتی اقدامات کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے سائنٹیفک طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پروگرام منیجرنے اپنی رپورٹ پیش کی۔