عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا کردار مثالی ہے ‘حافظ نعیم

608
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف، سیکرٹری ضلع عرفان احمد تربیت گاہ منصورہ میں شریک کارکنان کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں عوامی مسائل کے حل اور خدمت خلق کے شعبے میں مثالی اور گراں قدر کردار ادا کیا ہے ، کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ سمیت مختلف حکومتی اداروں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے ، جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹیاں آج بھی شہر بھر میں سرگرم عمل ہیں ، عوام کی ترجمانی اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں مرکزی تربیت گاہ منصورہ لاہورمیں شریک کارکنان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اقامت دین کی تحریک ہے،اقامت دین کی جدوجہد کرنے والوں پر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے ،ہم کسی مسلک یا خاص گروہ کی تحریک نہیں ، جماعت اسلامی میں تمام مسالک اور مکاتب فکرکے افراد شامل ہیں ، جماعت اسلامی کا وژن بڑا وژن ہے ، ہم دوسروںکی طرح سیاست نہیں کرتے جس طرح دیگر لوگ ذات برادری ، نسلی یا علاقائی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں ، ہم صرف اللہ تعالیٰ کی طرف بلاتے ہیں ،ہمارے پیش نظر وقتی اہداف نہیں بلکہ رسول پاک ؐکی سب سے بڑی سنت غلبہ دین کی جدوجہد ہے،ہمیں اس جدوجہد کو جاری رکھنا ہے اور لوگوں کو بھی دین کی طرف لانے کی کوشش کرنا ہے ، اپنے اپنے حلقوں میں افرادی قوت، ارکان و کارکنان کی صورت میں اضافہ کریں، عوامی مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی کو مزید فعال اور منظم کریں ۔ استقبالیے سے امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف اور سیکرٹری ضلع عرفان احمد نے بھی خطاب کیا۔