سندھ:وزیراعلیٰ ہاؤس میں خصوصی افراد کے عالمی دن پر تقریب کا انعقاد

583

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت تقریب میں صوبائی وزراء، سیکریٹریز، آئی جی پولیس، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت سندھ حکومت کے زیر انتظام خصوصی بچوں کے اسکول اور سینٹرز کے طلبہ وطالبات شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس میں خصوصی بچوں نے قومی ترانے پر اشاروں کی زبان کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں خصوصی بچوں نے ٹیبلوز بھی پیش کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سے قبل 3 دسمبر کو خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر احتجاج ہوتے تھے تاہم اب ہم مل کر یہ دن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ کا حق دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان تمام اداروں کا شکرگذار ہوں جنہوں نے خصوصی افراد کی بحالی میں ہمارے ساتھ کام کیا ہے۔ ان بچوں کی بحالی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید شاہ نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس میں خصوصی لوگوں کا الگ محکمہ اور اس کا وزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے خصوصی ایتھلیٹ مختلف گیمز میں گولڈ میڈل لائے ہیں۔تقریب میں ایتھلیٹ بچوں نے اسٹیج پر آ کر مہمانوں سے ملاقات بھی کیں جب کہ اسکرین پر ان ایتھلیٹس کی کلپس بھی دکھائی گئیں۔