سندھ حکومت کا اردن میں پاکستانیوں کی اموات پر وزارتِ خارجہ سے رابطہ

578

کراچی: سندھ حکومت نے اردن میں آتش زدگی کے حادثے میں بچوں سمیت13 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔ چیف سیکریٹری سند ھ سید ممتاز علی شاہ نے سیکریٹری فارن افیئرز سہیل محمود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اردن میں پیش آنے والے سانحے کی تفصیلات لیں۔
سیکریٹری فارن افیئرز نے بتایا کے 2 دسمبرکی شب سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 13 افراد آگ سے جھلسنے کے باعث جاں بحق ہوئے جب کہ 3 زخمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمان میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں اور زخمیوں کوطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری فارن افیئرز سے متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد اور معاملے کی پیش رفت سے آگاررکھنے کا کہا ہے ۔
ادھر صوبائی انتظامیہ نے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دادو میں متاثرین کے لواحقین سے ملاقات کر کے صوبائی حکومت کے جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلائیں۔

واضح رہے کہ اردن میں بحیرہ مردار کے قریب واقع کرامہ نامی قصبے میں قائم خیموں میں آگ لگنے سے سات بچوں سمیت تیرہ پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں۔حادثہ رات دو بجے پیش آیا تھا۔جاں بحق افراد کا تعلق سندھ کے ضلع دادؤ سے ہیں ۔