فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے بس عملدر آمد کرنا ہے، علی زیدی

100

کراچی(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہاہے کہ ماہی گیروں کی تربیت سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے بس عملدر آمد کرنا ہے، میری ٹائم نے لوگوں کو امیر کرنے کی فیکٹری لگائی ہوئی تھی، ہم نے آکر کے پی ٹی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ بند کردی ہے۔ پیر کو مقامی ہوٹل میںٹونا کمیشن کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس جس میں بھارت سمیت 15 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی سے خطاب میں علی زیدی نے کہاکہ سب سے پہلے ہمیں
درپیش چیلنجز کی طرف دیکھنا ہوگا، ہمیں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی تربیت سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے عملدر آمد کرنا ہے۔ باتیں ہو رہی ہیں فشریز تباہ ہورہی ہے، تباہ نہیں ہورہیں بہتری کی طرف جارہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ گزشتہ 10 سال فشریز کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا ہمارے پاس مچھلی کی برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پالیسی پر عملدر آمد کی اسٹریجی کی طرف بڑھ رہے ہیں، فنڈز کی کمی سمیت کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ آزاد تجارتی معاہدہ پاکستان اور چین میں لازوال رشتے کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سی پیک اور پاک چین دوستی پر اور بھی اچھی خبریں آئیں گی۔
علی زیدی