بااثر افراد میرے پلاٹ پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں، جاوید احمد راجپوت

118

بدین (نمائندہ جسارت) پلاٹ پر مبینہ قبضہ کرنے کیخلاف بدین کے شہری جاوید احمد راجپوت کا بااثر تاجر اور ان کے رشتہ داروں کیخلاف احتجاج۔ بدین شہر کے کینٹ روڈ کے مکین جاوید احمد راجپوت نے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے کے بعد بدین پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا کڈھن روڈ بدین پر سروے پلاٹ 123 میں 5000 فٹ پلاٹ ہے، جس میں میرا گھر تعمیر ہورہا ہے۔ بدین کے بااثر تاجر قاضی امتیاز عباسی اور کینٹ میں کام کرنے والے قاضی حفیظ اور ان کے بھائی مجھے میرے پلاٹ پر کام نہیں کرنے دے رہے اور زبردستی میرے گھر کا جاری کام روک دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قاضی امتیاز، قاضی حفیظ اپنے سیاسی دبائو کے تحت میرے سروے پلاٹ پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے پلاٹ پر بجری، سریا اور دیگر سامان خراب ہورہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسی شکایات مختار کار بدین کو بھی دیں لیکن آفس والے مجھ سے بھاری رشوت طلب کررہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر تاجر رہنما قاضی امتیاز کی زیادتیوں کا نوٹس لے کر میرے پلاٹ پر ہونے قبضے کو رکوایا اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔