پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست کا سفر جاری آسٹریلیا نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی

224
ایڈیلیڈ: آسڑیلین کرکٹ ٹیم کا پاکستان کے خلاف 2-0 سیریز جیتنے کے بعد گروپ فوٹو

ایڈیلیڈ(جسارت نیوز)ایڈیلیڈ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48رنز سے شکست دیکر مسلسل5ویں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا۔پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں بھی 239رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کے 6بلے باز اپنی اننگز کو دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ کرسکے،شان مسعود 68، اسد شفیق57اور محمد رضوان 45رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ناتھن لیون نے 5اور جوش ہیزلوڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ڈیوڈ وانر کو میچ میںشاندار ٹرپل سنچری اسکور کرنے اور سیریز میں489رنز بنانے پر مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈدیا گیا۔پیر کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن جب پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 3وکٹوں کے نقصان پر 39رنز تھا جب کہ کریز پرشان مسعود 14اور اسد شفیق8رنز کیساتھ موجود تھے اور پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 248 رنز درکار تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 103رنز کی شراکت قائم کی تاہم 123کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 68رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جب کہ اسد شفیق 57رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اسد شفیق کے بعد افتخار احمد کا ساتھ دینے محمد رضوان میدان میں اترے، 201رنز پر افتخار ساتھ چھوڑ گئے، جن کے بعد پہلی اننگز کے سنچری میکر یاسر شاہ میدان میں اترے لیکن وہ بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 13رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، 221رنز پر پاکستان کے 7کھلاڑی آئوٹ ہوچکے تھے لیکن محمد رضوان نے ہمت نہیں ہاری۔رضوان نے شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کا ساتھ دینے کی ٹھانی لیکن وہ زیادہ دیر ساتھ نہ دے پائے 229رنز پر پاکستان کی 8ویں وکٹ کی صورت میں چلتے بنے۔ 235رنز پر محمد رضوان بھی آئوٹ ہوگئے انہوں نے 45رنز بنائے۔ پاکستان کی آخری وکٹ محمد عباس کی صورت میں گری ۔ اس طرح پاکستان2 اننگز کھیلنے کے باوجود بھی آسٹریلیا کی ایک اننگز کے برابر رنز نہ بناپائے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اننگز اور 48رنز سے شکست پاکستان کا مقدر بنی۔آسڑیلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے 6بلے باز اپنی اننگز کو دہرے ہندے میں بھی داخل نہ کرسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ناتھن لیون نے 5اور جوش ہیزلوڈ نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ڈیوڈ وانر کو شاندار ٹرپل سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔برسبین اور ایڈیلیڈ میں ہارنے کے بعد آسٹریلوی سرزمین پر پاکستان کو مسلسل 5ویں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔