جماعت اسلامی سندھ کا کراچی تا کشموربدامنی پر اظہار تشویش

187

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے کراچی تا کشمور سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سندھ میں بد امنی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور امن وامان کے قیام کو اپنی ترجیح اول بنائے تاکہ اہل سندھ امن و سکون سے زندگی گزار سکیں۔ یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے ضلعی امرا کے اجلاس میں منظور ہونے والی قرار داد میں کہی گئی جو کہ صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی زیر صدارت قبا آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اس وقت
کراچی تا کشمور پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔ قتل و غارت گری، اغوا برائے تاوان سمیت جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے عوام کو سخت پریشان کردیا ہے۔ قبائلی جھگڑے اور قتل کے واقعات میں اضافہ سندھ میں قیام امن کے دعویدار حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ کراچی تا کشمور سندھ میں بڑھتی ہوئی بد امنی سے محسوس ہوتا ہے کہ سندھ حکومت سندھ میں قیام امن کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ جماعت اسلامی سندھ نے زور دیا کہ حکومت شہریوں کی جان ومال عزت و آبرو کی حفاظت، جرائم کے خاتمے اور قیام امن کے لیے سنجیدہ اور کرپشن فری اقدامات کرے تاکہ عوام چین و سکون کی زندگی گزار سکیں۔