پندر ہواں سالانہ کر اچی بین الاقوا می کتب میلے کا افتتا ح جمعرات 05دسمبر کو ہو گا

460

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی کتابوں اور ادب سے شغف رکھنے والوں کے لیے منفرد بین الاقوامی میلہ کراچی انٹرنیشنل بک فیئر 2019 کرا چی میں سجا یا جائے گا،

بین الاقوامی کتب میلے کا انعقاد شہر قائد کے وسط میں واقع کراچی ایکسپو سینٹر میں 05-09 دسمبر 2019 سے کیا جا رہا ہے جس میں اس سال 330 سے زائد اسٹال لگائے جائیں گے۔

بین الاقوا می کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگائیں گے۔ منتظمین کے مطابق اس سال چار لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔وزیرِ اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ جمعرات05 دسمبر کو عالمی کتب میلے کا افتتاح کریں گے۔

سنہ 2005 سے لگاتار منعقد ہونے والے ‘کرا چی بین الاقوامی کتب میلے’ کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا بھی اعزاز حاصل ہے جس میں نا صرف پاکستان سے بلکہ ہندوستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے بھی حصہ لیتے ہیں،

یہ میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔کنوینر کے۔ آئی۔ بی۔ ایف وقار متین نے منگل کے روز مقامی ہوٹل میں ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں کو اس عالمی میلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا،

اس موقع پر پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد، کنوینر وقار متین خان،ڈپٹی کنوینر نا صر حسین، ندیم مظہر، ایم، اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی، اور سلیم عبدالحسین بھی موجود تھے،وقار متین کا کہنا تھا کہ ہر سال ہونے والا یہ عالمی میلہ پاکستان کے لاکھوں طلباء، والدین، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔ وقار متین نے اس عالمی میلے میں حصہ لینے والے پبلشرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے یہ کتب میلہ اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھ سکا ہے اور ہر سال ریکارڈتوڑ تعداد میں لوگ اس میں شرکت کرتے ہیں،

پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے کہا کہ اس طرح کے کتب میلے اب صرف عا م میلوں کی حیثیت نہیں رکھتے نہ ہی یہ صرف اور صرف پبلشرز کو ایک سادہ سا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں بلکہ موجودہ دور میں کے،آئی،بی،ایف جیسے کتب میلے پاکستان کے مثبت پہلوکو اْجاگر کرتے ہیں،

عزیز خالد کا کہنا تھا کہ کے،آئی،بی،ایف کا حالیہ ایڈیشن پچھلے تمام ایونٹس کے مقابلے میں منفرد ہو گا جس میں ایک عالمی کتب میلے کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت اور دیگر امور کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان پبلشرز اینڈ بْک سیلرز ایسو سی ایشن نے اس بات پر زور دیا کرا چی کتب میلے کے انعقاد سے ہم اپنے معاشرے کو اقدار، انسانیت، برادشت اور تہذیب کا درس دیتے ہیں،

کے،آئی،بی،ایف، کا مقصد پاکستانی نوجوان اور طلباء کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ اس آنے والے وقت میں مختلف فنون اور شعبوں میں علم وہنر حاصل کر کے اپنے ملک و قوم کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کریں گے،اس عالمی کتب میلے میں ایک محتاط اندازے کے مطابق چار لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے مزید برآں اس میں مختلف کتابوں کی رونمائی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں
گی،

اس عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات 05دسمبر کو ہوگی جبکہ پہلے دن سے عوامی داخلہ کے اوقات کار صبح 10 بجے سے لے کر رات 9بجے تک ہوں گے جو کہ پیر 09دسمبر تک جاری رہے گا۔