آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی، سیداویس قادر شاہ

925

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سیداویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ تمام آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز کو قانونی دائرہ کار میں لانے کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے جسے سندھ اسمبلی سے منظور کراکے بہت جلد نافذ العمل کیا جائے گا تاہم اس دوران آن لائن بس ٹرانسپورٹ سروسز بدستور چلتی رہیں گی،

آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز بند نہیں کی جارہی ہے، سندھ حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی خواہاں ہے، جو نجی کمپنیاں کراچی یا دیگر شہروں میں یہ سروس فراہم کررہی ہیں انھیں ہماری یقین دہانی ہے کہ صوبائی حکومت ہر ممکن انھیں سپورٹ کریگی،

یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس ائیرلفٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں خطاب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقعے پر
ایئر لفٹ (AIRLIFT)پاکستان کے ایگزیکٹوڈائر یکٹر سید مہر حیدر،اویس احمد سمیت دیگر بھی موجو دتھے،

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ائیرلفٹ اور دیگر آن لائن بس ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز کے موقع پر کچھ غلط فہمی کی بنیاد پر سوشل میڈیا یہ خبریں شائع ہوئیں کہ سندھ حکومت یہ ٹرانسپورٹ سروس بند کرنے جارہی ہے، ایسا کچھ نہیں ہوا تھا بلکہ سیکر ٹری ٹرانسپورٹ غلام عباس کی مشاورت سے ہم نے ان ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی تھی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ٹرانسپورٹ سہولیات میسر آسکیں، گرین لائن بس سروس وفاقی حکومت تعمیر کررہی ہے،اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ کے ساتھ وفاق بلکل بھی تعاون نہیں کررہا ہے,اس ملک کی معاشی حالت خراب ہے,کراچی کے شہریوں کو ایئر لفٹ کے زریعے رائیڈنگ کے لئے بہتر سروس دستیاب ہوئی ہے،

سندھ میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جو بھی کمپنی آئے گی ہم اسے خوش آمدید کریں گے,گرین لائن سروس کا کوریڈور مکمل بن چکاہے,وفاق نے منصوبہ سندھ حکومت کے حوالے نہیں کیا ہے,گرین لائن کے لیے وفاق کو سندھ حکومت نے تمام سہولیات دی مگر ان کا تعاون زیرو رہا ہے,

انہوں نے کہا کہ نجی آن لائن کمپنیز کو پولیس تنگ نہیں کرے گی,سندھ واحد صوبہ ہے جہاں سی این جی کا قانون بنا ہوا ہے,سندھ میں اضافی کرائے لینے والی,روٹ پرمٹ, فٹنس نہ ہونے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے یہ وعدہ کیا تھا کہ اس بس کوریڈور پر بسوں کی خریداری اور آپریشنل بھی وفاقی حکومت کریگی لہذا انھیں اپنا یہ وعدہ پورا کرنا چاہیے اور ہم منتظر ہیں کہ وفاقی حکومت کب اس کوریڈور کو مکمل کرکے بسیں چلانی شروع کریگی،

انہوں نے کہا کہ ایک جانب یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں کچھ کام نہیں کررہی ہے جبکہ دوسری جانب دیکھیں تو کئی میگا پروجیکٹس اور ماس ٹرانزٹ میں کام ہورہا ہے، یہ کراچی کا حق ہے کہ یہاں میگا منصوبے تعمیر کیے جائیں جو برسوں پہلے ہوجانے چاہیے تھے تاہم اب ہماری حکومت کے تحت ہورہا ہیں جو کہ خوش آئند ہے،

سندھ حکومت ایشئین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے ریڈ لائن بس منصوبے پر اگلے سال تعمیرات شروع کریگی، یہ دنیا کا پہلا بس پروجیکٹ ہے جس میں بائیو گیس پلانٹ کے ذریعے بسوں کو ماحول دوست فیول سی این جی فراہم کی جائیگی، صوبائی حکومت بہت جلد ورلڈ بینک کے تعاون سے یلو لائن بس منصوبہ بھی شروع کریگی،انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات بہتر نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود اگر نجی کمپنی یہاں سرمایہ کاری کررہی ہیں تو یہ انتہائی مثبت اقدام ہے جس کے لیے سندھ حکومت ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی، اس ضمن میں نجی آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو بھی ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہے،

صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو ایک قانونی نظام میں لانے کے لیے جو قانون سازی کررہا ہے وہ بھی بزنس فرینڈلی ہوگا تاکہ یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوسکے،

قبل ازیں سیکرٹری ٹرانسپورٹ غلام عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ غلط فہمیاں کراچی میں گردش کر گئی تھیں کہ ائیرلفٹ اور دیگر نجی آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو بند کیا جارہا ہے، ایسا کچھ نہیں ہوا تھا، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ان تمام کمپنیوں کو واضح کردیا گیا تھا کہ شہر میں بہتر سے بہتر ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔