آرمی ایکٹ میں ترمیم اس وقت ہوگی جب ہمارا نیا وزیراعظم آئے گا، بلاول بھٹو

178

چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آرمی ایکٹ میں ترمیم اس وقت ہوگی جب ہمارانیا وزیراعظم آئے گا۔

پمز ہسپتال میں اپنے والد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کے ساتھ تفصیلی ملکی سیاسی حالات پر گفتگو ہوئی ہے،ہمارا موقف وہی ہےکو پہلے تھا،پیپلزپارٹی اپنے نظریے پر کمپرومائز نہیں کرے گی،میڈیا کی آزادی کی بات ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس آزاد کشمیر میں منایا گیا جہاں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 27دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ راولپنڈی میں منائی جائیگی،ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ صرف اور صرف عوام ہیں ، پیپلزپارٹی یہ جدوجہد آخری دم تک لڑے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت تین ماہ میں ایک نوٹیفکیشن نہ بنا سکی، مجھے نہیں لگتاہے کہ حکومت 6 ماہ میں قانون سازی پراپوزیشن کواعتماد میں لے پائے گی،آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، امید ہے عدالتی فیصلے سے ہمیں رہنمائی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے رویے سے لگتا ہے وہ قانون سازی کے لیے اتفاق رائے نہیں چاہتے، وزیراعظم اپوزیشن رہنماؤں پردباؤڈالناچاہتے ہیں،انہوں نے پہلے بھی دوسرے معاملات میں اتفاق رائے پیدا نہیں کیا اور ہر معاملے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم اس وقت ہوگی جب ہمارانیا وزیراعظم آئے گا۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ن لیگ نے اپوزیشن سے مشاورت کے بعدچیف الیکشن کمشنر کیلئے3نام بھجوائے۔