سندھ کا یوم ثقافت روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

2180
حیدرآباد: سندھی کلچر ڈے کی تقریب میں بچے ثقافتی کپڑے زیب تن کیے ہوئے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ کا یوم ثقافت اتوارکو کراچی سمیت صوبے بھرمیں روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا ، اس موقع پر پورا سندھ ثقافتی رنگوں میں سج گیا،ہر طرف ٹوپی اور اجرک کی بہارنظرآئی اورکراچی سمیت صوبے بھرمیں شہرشہر،قریہ قریہ جشن کا سماں رہا۔کراچی میں سیاسی، دینی ، قوم پرست اورمختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے ثقافتی دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو اور علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کرسندھ کے باشندوں نے جوش وجذبے کے ساتھ اپنی ثقافت سے محبت کا اظہارکیا۔کراچی میں مرکزی تقریب پریس کلب کے سامنے منعقد ہوئی۔ فورارہ چوک گورنر ہاؤس سے کراچی پریس کلب تک لوگوں کی بڑی تعداد نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سندھی ٹوپی اوراجرک پہنے مرد، خواتین، بچے اور بزرگ ثقافتی رقص کرتے رہے۔سندھ کی قدیم و عظیم ثقافت کے دن پرکراچی کے مختلف مقامات پرہونے والی تقریبات میں لوگوں نے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا،نوجوانوں نے سندھی نغموں پر رقص کیا، بچوں نے ٹیبلو پیش کیے اور سندھ کے ثقافتی رنگ اجاگر کیے، نوجوان، بچے اور بڑے تقریبات میں شرکت کے لیے سندھی اجرک، ٹوپی اور لباس میں ملبوس ہوکر گھروں سے نکلے،ٹولیوں کی شکل میں نوجوان اجرک اور ٹوپی پہنے گشت کرتے رہے۔یوم ثقافت سندھ کے سلسلے میں صوبے بھرمیں روایتی مچھ کچہریاں منعقد کی گئیں،رنگا رنگ مچھ کچہری میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔کراچی میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں شاہ لطیف بھٹائی کے کلام پر مبنی گیتوں اور دھنوں کی گونج پر شرکا محورقص رہے۔ اس موقع پرسیاسی،سماجی ثقافتی اورقوم پرست رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرکے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی دھرتی ہے۔علاوہ ازیں قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایازلطیف پلیجو کی قیادت میں میٹرو پول ہوٹل سے پریس کلب تک کلچرل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایازلطیف پلیجو نے کہاکہ سندھ کی ثقافت وتہذیب دنیا کی چار بڑی قدیم تہذیبوں میں سے ایک ہے،سندھ پیار، محبت، روداری اور امن کا گہوارا ہے۔
یوم ثقافت