حکومت پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ نہ بنائے ، آرڈ نینس میرٹ کا قتل ہے ، حسین محنتی

328
کراچی: ا میرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی زیر صدارت ضلعی امرا کا اجلاس ہورہا ہیِ،کاشف سعید شیخ ودیگر بھی موجود ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمہوری اداروں کے باوجود صدارتی آرڈیننس میرٹ کا قتل، اداروں کی بے توقیری اور بدترین آمریت ہے، حکومت پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنانے کے بجائے قومی مفاد اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کرکے اپنی ذمے داری پوری کرے، زبوں حال معاشی صورتحال نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور سندھ کے عوام کو متبادل اور دیانتدار قیادت پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں ضلعی امرا کے اجلاس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا، جس میں کراچی سمیت سندھ بھر کے ضلعی ذمے داران موجود تھے، اجلاس میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کی ہمشیرہ سمیت دیگر مرحومین کی
مغفرت کی دعا بھی کی گئی، ضلعی ذمے داران نے سہ ماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی، صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ ،نائب امرا پروفیسر نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو، حافظ نصراللہ عزیز،عبدالغفار عمر، نائب قیمین عبدالوحید قریشی، عبدالحفیظ بجارانی، مولاناعبدالقدوس احمدانی اورافضال احمد آرئیں بھی اجلاس میں شریک تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جس کا تقاضا ہے کہ ہمیں اپنی جان، مال اور وقت سمیت تمام صلاحیتیں اللہ کی راہ میں یعنی اقامت دین کے لیے خرچ کردینی چاہئیں، ہم 24 گھنٹے اللہ کے نوکر ہیں اور ان تمام چیزوں کا اللہ کے ہاں جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی تمام دعوئوں کے باوجود مہنگائی کا طوفان اورمعاشی ابتر صورتحال نے عام آدمی کو سخت پریشان کرکے رکھ دیا ہے جبکہ حکمران راوی دریا میں پرآسائش کشتیوں میں بیٹھ کر مزے لینے میں مصروف ہیں، وزیراعظم کی معاشی،قانونی اور سیاسی ٹیم مکمل طور پر شکست کھا ہوچکی ہے ، حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان کے تمام ادارے متنازع بن چکے، احتساب کو انتقام کی بھینٹ چڑھادیا گیا اور کروڑوں نوکریاں دینے، 50 لاکھ گھر بنانے کی دعویدار حکومت آج معاشی، سیاسی اور آئینی بحران کی دلدل میں پھنس چکی ہے ،سندھ میں ٹڈی دل کے حملے کی وجہ سے کسان جو پہلے ہی بدحالی اور غربت کا شکار ہیں مزید ابتری کا شکار ہوچکے ہیں ،صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کوئی بھی مؤثر اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔کاشتکاروں کے نقصان کے ازالے کے لیے ان کے ساتھ مالی تعاون کیا جائے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی اور تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کا نفاذ ہے، حکومت پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ بنانے کے بجائے قومی مفاد اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کرکے اپنی ذمے داری پوری کرے، جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کے نفاذ اور اصلاح معاشرہ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔