پیپلز پارٹی کا آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کرنے کا اعلان

61

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے والد آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے درخواست دائر کرنےکا اعلان کردیا

پمز ہسپتال میں اپنے والد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف علی زرداری کی طبیعت تشویشناک ہے جبکہ ہماری جانب سے ذاتی معالجین کا وقت پر انتظام نہیں ہوسکا اور اس دوران سرکاری ڈاکٹرز کی جانب سے سابق صدر کی مختلف بیماریاں تشخیص کی گئی ہیں،سرکاری ڈاکٹرزقابل ضرور ہونگے مگر ہمیں ان پر زیادہ اعتبار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز آصف علی زرداری کے دل میں بند شریانوں کے حوالے سے تفصیلی معائنہ کرنا چاہتے ہیں، آصفہ بھٹو نے سابق صدر کو ضمانت کے لیے منالیا ہے اور اب فیصلہ ہوا ہے کہ (کل)منگل کو طبی بنیادوں پر آصف زرداری کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کریں گے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سابق صدر کو طبی بنیادوں پر جلدازجلد ضمانت مل جائے گی اور جلدازجلد سرکاری ڈاکٹرز کے بتائے گئے پروسیجر پر عمل کیا جا سکے۔