لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں گیس کی نئی لائنوں کی تنصیب کی جائے

133

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن حیدر آباد کی یونین کمیٹی 84 اور 65 کے چیئرمین عمران بشیر اور ڈاکٹر محفوظ گدی نے ڈپٹی کمشنر حیدر آباد عائشہ ابڑو سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور اس دوران انہیں شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ یوسی چیئرمینز نے ڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو کو بتایا کہ ماجی اسپتال سے انجمن شدائیان رسولﷺ لطیف آباد یونٹ نمبر 10 تک اور اس کے علاوہ امریکن کوارٹرز، حالی روڈ سمیت لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں گیس کی نئی لائنوں کی تنصیب کی جائے کیونکہ مذکورہ علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے اور موسم سرما میں شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح فروٹ وسبزی منڈی کی منتقلی اور انکروچمنٹ نہ کیے جانے پر سبزی منڈی روڈ پر ٹریفک جام کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے اور صبح کے اوقات میں شہریوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ماتحت چلنے والے سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی مایوس کن ہے اور اسپتالوں میں ڈاکٹر، عملے اور ادویات کی قلت کے باعث غریب مریض نجی اسپتالوں سے مہنگا علاج کرانے پر مجبور ہیں۔