بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلرز پاکستان میں آئندہ ماہ دسمبر میں عالمی ریسلنگ کے مقابلے میں شرکت کرینگے

625

ڈریم ورلڈ ریزورٹ میں 21 دسمبر 2019 کومنعقد ہونیوالے ورلڈ ریسلنگ چیمپیئنز کے حوالے سے PWFP کے صدر نعمان سلیمان،ڈریم ورلڈ ریزورٹ کے مارکیٹینگ کے سربراہ فراز الہدیٰ میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلرز پاکستان میں آئندہ ماہ دسمبر میں منعقد ہونیوالے عالمی ریسلنگ کے عظیم الشان مقابلے میں شرکت کرینگے اس ضمن میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،

اس ایونٹ میں امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، میکسیکو، گریس اور سنگاپور سے ممتاز ریسلرز ملک کے چوٹی کے چیلنجرز سے مقابلے کے لیے کراچی آرہے ہیں جس میں ریسلنگ کے چیمپیئنز البرٹو ڈیل ریو، رائینو اور سیمی بھی شامل ہیں،

یہ پہلا موقع ہے کہ کراچی میں ہونیوالے ریسلنگ کے اس مقابلے میں 10 سے زائد بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلرز شرکت کر رہے ہیں جبکہ کچھ ماہ قبل ہونے والے رمبل ان پاکستان مقابلے میں 4عالمی ریسلرز نے شرکت کی تھی۔اتنی بڑی تعداد میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلرز کی آمد پاکستان میں امن کی علامت سمجھی جا رہی ہے جس سے دنیا میں پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر ابھرے گا،

پاکستان کی پرو ریسلنگ فیڈریشن (PWFP) اور ڈریم ورلڈ ریزورٹ اگلے ماہ ریسلنگ کے ایک عظیم الشان مقابلے کا انعقاد کر رہے ہیں۔21 دسمبر2019 کو ڈریم ورلڈ ریزورٹ میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے PWFP کے صدر نعمان سلیمان نے کہا کہ پاکستان کی پرو ریسلنگ کی تاریخ کا فی الوقت سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں مقامی ٹیلنٹ سے مشکل اور دلچسپ مقابلے میں حصہ لینے کے لیے WWE, TNA, AEW, Lucha Underground اور Indie circuits سے البرٹو ڈیل ریو، رائینو، سیمی گوئیوارا، کرائم ٹائم اور دیگر بہت سے پرانے اور نئے بین الاقوامی ریسلرز کی آمد متوقع ہے،

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایسے مواقعوں کے انعقاد کے ذریعے پاکستان عالمی ریسلنگ کے لیے ایک اہم مقام کی حیثیت سے تسلیم کیا جانے لگے گا۔ڈریم ورلڈ ریزورٹ کے مارکیٹینگ کے سربراہ فراز الہدیٰ کا کہنا تھا کہ ہم اس حساب سے اپنے ملک کی مثبت تصویر کو ابھارنے میں اپنا کردار ادا کرنے پر حد سے زیادہ خوشی محسوس کرتے ہیں کہ ریسلنگ کے بین القوامی مقابلوں کی کامیابی پاکستان کی جانب سے مثبت فضا قائم کرنے میں خصوصی طور پر مددگار ثابت ہو گی،

جس سے دنیا بھر سے چوٹی کے کھلاڑیوں کو بلاجھجک اور خوف و خطر ہمارے ملک آنے جانے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کا پاکستان لوٹ آنا بھی درحقیقت انتہائی حوصلہ افزا ہے،

ڈریم ورلڈ میں منعقد ہونے والا ورلڈ ریسلنگ چیمپیئنز ناصرف ریسلنگ کے دلدادہ حضرات کے لیے ایک دلچسپ دن ہوگا بلکہ ریلسنگ کی دنیا میں پاکستان کا مقام مزید بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ زینتھ پبلک ریلیشنز کی چیف آپریٹنگ آفیسر ضوفین احسان نے کہا کہ ہم اس تاریخی ایونٹ کے لیے ڈریم ورلڈ ریزورٹ کے ساتھ شراکت داری کرنے پر مسرت محسوس کرتے ہیں،

ہمارے ملک کے جوانوں کے لیے کھیلوں کے نت نئے مقابلے متعارف کروانے کی اشد ضرورت ہے خصوصی طور پر ریسلنگ جیسے کھیل جو گزشتہ برس تک صرف ٹیلی ویڑن یا آن لائن دیکھے جاتے رہے ہیں۔