سفاری پارک کی جھیل میں چلائی گئی بڑی کشتیاں افتتاح کے دوسرے روز ہی بند کر دی گئیں

886

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری)سفاری پارک میں شہریوں کی تفریح کیلئے جھیل میں چلائی گئی بڑی کشتیاں افتتاح کے دوسرے روز ہی بند کر دی گئیں تاہم پیڈل بوٹس پیروں کے ذریعے چلائی جانیوالی چھوٹی کشتی کی سروس فعال ہے،

بتایا جاتاہے کہ میئر کراچی وسیم اخترنے بڑی کشتیوں کوجدید اور محفوظ بنانے کے بعد چلانے کی ہدایت کی تھی۔بڑی کشتیوں کی سروس کا11دسمبر تک دوبارہ شروع ہو جائے گی،

تفصیلات کے مطابق سفاری پارک میں میئر کراچی نے 17 نومبر کو ”کشمیر پوائنٹ“ کے نام سے بننے والے پوائنٹ کے افتتاحی تقریب کے بعد ڈائریکٹر سفاری پارک کنور ایوب کو ہدایت کی تھی کہ شہریوں کیلئے بڑی کشتیوں میں سفری سہولت جدید اور محفوظ بنائی جائے تاکہ کراچی کے شہری جھیل سے لطف اندوز ہو سکیں،

اس حوالے سے ڈائریکٹر سفاری پارک کنور ایوب نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کشتی کی بندش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ میئر کراچی کی ہدایت کے مطابق سفاری پارک میں چلائی جانے والی بڑی کشتیوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے‘ 11 دسمبر تک ان کشتیوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرکے محفوظ سفری سہولت کیساتھ دوبارہ سے شہریوں کے لیے چلایا جائے گا،

تاہم پیڈل بوٹس کی سروس فعال ہے جن کی تعداد فی الوقت 4 ہے اور اس طرح 4 بڑی کشتیاں بھی 11دسمبر تک چلنا شروع ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیڈل بوٹس کا کرایہ 50 روپے اور بڑی کشتی کا کرایہ 100 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ صبح دس تا رات نو بجے شہری مصنوعی جھیل کے سفر سے محظوظ ہو سکیں گے،

انہوں نے کہا کہ سفاری پارک میں موجود مصنوعی جھیل میں کشتی کے ذریعے سفر کرنے والوں کی سہولت کے لیے لائف جیکٹ‘ لائف گارڈ‘ جدید لائٹس اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ رات میں بھی پارک روشن نظرآ سکے،

کشتی کوخوبصورت بنانے کیلئے ضروری کام ترجیحی بنیاد پر کرائے جا رہے ہیں۔سفاری پارک انتظامیہ نے 20 فٹ بلند آبشار بنائی ہے جس کا پانی 4 ایکڑ پر محیط جھیل میں گرتا ہے، جہاں لوگوں کیلئے بوٹنگ کی سہولت بھی موجود ہے،

سفاری پارک ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم نے ہر طرف سے جھیل کی تزین و آرائش کی ہے جبکہ اس کے اطراف جنگلا بھی لگایا گیا ہے، جہاں خوبصورت پرندے اڑتے نظر آتے ہیں جس سے نظارہ اور بھی خوبصورت ہوجاتا ہے،

کنور ایوب کا کہنا تھا کہ بڑی کشتیوں کو جدید اورمحفوظ بنانے میں تقریباً25دن درکار ہونگے۔ دسمبر میں کراچی کے شہری سفاری پارک کو کراچی کے ماڈرن پارک کے طور پر دیکھیں گے۔