بنگلہ دیش: سیدپور میں واقع محصور پاکستانیوں کے کیمپ میں آتشزدگی

628

متاثرین سخت سردی میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور50سے زائد جھگیاں جل کر تناہ

صدر مملکت، وزیراعظم انسانیت کے نام پر متاثرین کی مدد کریں۔ حیدر علی حیدر

کراچی

تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے شہر سید پور میں واقع محصور پاکستانیوں کے کیمپ میں جھگی میں چولہا بھڑک جانے کی وجہ سے آگ لگ گئی

 دیکھتے ہی دیکھتے 50جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو جل کر خاکستر ہوگئیں۔ حیدر علی حیدر کو بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم اسٹرینڈڈپاکستانیز جنرل ریپٹریشن کمیٹی (SPGRC)کے رہنما ہارون الرشید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین جو پہلے ہی اذیت ناک زندگی گذار نے پر مجبور تھے اب وہان کی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں قائم محصورین کے کیمپوں کی تعداد 66سے زائد ہے

 بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کی کل تعداد تقریباً تین لاکھ ہے جو نصف صدی یعنی 50سال سے پاکستان آنے کیلئے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے ملک کی بقاءکیلئے پاک فوج کا ساتھ دیا تھا انہیں حُب الوطنی کی جو سزا دی جارہی ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملی۔ تحریک ِ محصورین مشرقی پاکستان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر نے صدرِ مملکت اور وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ انہیں وطن واپس لانے کیلئے کوئی لائحہ عمل تیار کیا جائے اور بنگلہ دیش کے شہر سید پور میں آگ سے متاثر خاندانوں کو گرم کپڑے اور ضروریات ِ زندگی کے سامان بھیجنے کا انتظام کریں۔