ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے تو تعلیم کو عام کرنا ہوگا،ذکراللہ مجاہد

325
امیرجماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکراللہ مجاہد قومی زبان اردو کے نفاذ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس میں ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اگر پاکستان سے معاشرتی تفریق، صوبائی تعصب، بے جا نمود و نمائش اور بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے تو تعلیم کو عام کرنا ہوگا اورفوری طور پر اردو زبان کا نفاذ کرنا ہوگا ہمارا یہ قومی المیہ ہے کہ ہم انگریز ی زبان سے مرعوب ہو کر اردو زبان کی افادیت سے بے شعور ہیں۔حکمرانوں کی دوغلی پالیسی کی وجہ سے قوم غلامانہ زندگی گزار نے پر مجبور ہے۔حکمران قومی زبان اُردو کی ترقی و ترویج کیلیے عملی اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے قومی زبان اردو کے نفاذ کے حوالے سے ایک مشاورتی اجلاس میں ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ادارہ معرف اسلامی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد انور گوندل، پروفیسر رضوان الحق، حامد انوار،چودھری نصیر احمد ایڈووکیٹ و دیگر ذمے داران موجود تھے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی قومی زبان کو اہمیت دی مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے اس طرف توجہ نہیںدی جس کا نقصان ملک و قوم کو ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی زبان کی ترویج عام آدمی کو تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جہاں تک قومی زبان کے نفاذ پر عملدرآمد کا تعلق ہے وہاں حکومت کی ناقص پالیسیاںاس کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت اردو زبان کو سرکاری و نجی اداروں میں رائج کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہرے معیار کے خاتمے کیلیے سختی سے عملدرآمد کروائے ۔ اس موقع پر مشاورتی اجلاس میں قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اردو ہماری قومی اور سرکاری زبان کے طور پرمکمل نافذ ہو گی اور ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے ۔