بحری جہاز عالمگیر کی بحیرہ روم میں کثیرالملکی سمندری مشق میں شرکت

814
انقرہ: کثیر الملکی بحری مشقوں کے موقع پر پاکستان اور ترک بحریہ کے افسران کا گروپ فوٹو

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر جس پر ہیلی کاپٹر بھی موجود ہے اورلانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائر کرافٹ P3C نے بحیرہ روم میں ہونے والی کثیرالملکی سمندری مشق ڈوگواکڈینیز میں شرکت کی۔13 روز تک جاری رہنے والی اس مشق میں 12 سے زائد ممالک کی بحری افواج نے شرکت کی۔ کثیرالملکی سمندر ی مشق ڈوگو اکڈینیزمیں شرکت سے پاک بحریہ کو یہ موقع فراہم ہوا کہ وہ دنیا کی دیگر بحری افواج کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کرے اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے۔دوران مشق پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے بندرگاہ (اکساز)کا بھی دورہ کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران عالمگیر پر ایک استقبالیہ کا انعقاد بھی کیاگیاجس میںترک بحریہ کے سینئر افسران ، سفارت کاروں، میزبان ملک کی اہم شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی اور ڈوگو اکڈینیز مشق میں شریک بحری جہازوں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ پاک بحریہ، حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق خطے میں میری ٹائم حفاظت اور سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں ہمیشہ پر عزم رہی ہے۔ مشق ڈوگواکڈینیز پاک بحریہ کے جہاز کی شرکت سے پاکستان کے ایک ذمے دار ریاست کے تشخص کو تقویت ملے گی جو کہ علاقائی میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول اور مشترکہ میری ٹائم فورس میںشرکت کے ذریعے عالمی سمندروں میں بحری امن و استحکام کے قیام کے لیے ادا کر رہا ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کے مشترکہ مفادات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ مشق کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے مشرقی بحیرہ روم میں ترکش بحریہ کے ساتھ مشترکہ گشت کی اور دوطرفہ بحری مشق “ٹورگٹریس” میں حصہ لیا۔ عالمی سمندری مشق ڈوگواکڈینیزکے پلیٹ فارم کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، کشمیری عوام کی حالت زار اور مسئلے کے حل تک کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدو جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں عالمی توجہ مبذول کرانے کے لیے بھرپور طور پراستعمال کیا گیا۔