عمران خان اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا گارڈ بھرتی کر دیں،مریم اورنگزیب

277

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا سیکیورٹی گارڈ بھرتی کر دیں کیونکہ ان ترجمانوں کا یہی کام ہے نواز شریف کیسے چلا، کیا پہنا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما جیلوں میں ہیں لیکن ان پر ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا، رہنماؤں کو بکتر بند گاڑیوں میں لایا جاتا ہے، بدسلوکی کی جاتی ہے، عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ہیں، شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائے جا رہے ہیں، کل وسیم اجمل نے عدالت میں کہا کہ مجھے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو کہا جارہا ہے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مقابلہ کرنا آتا ہے لیکن مخالفین کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود انہیں نہیں لایا گیا، وہ اب بھی جیل میں ہیں، عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت ہے کہ وہ سعد رفیق کو پارلیمنٹ میں نہ لائیں جب کہ رانا ثنااللہ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں جاری کیے گئے، عمران خان پارلیمان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہیں، تحریک انصاف خود الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہے، عمران خان 5سال سے الیکشن کمیشن سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ تیسرا پاکستان ہے جو عمران خان بنا رہے ہیں، عمران خان جھوٹی ٹوئٹس کرتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، لوگوں کے کاروبار بند ہوگئے لیکن مشیر خزانہ کہتے ہیں کہ 17کلو ٹماٹر ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا سیکیورٹی گارڈ بھرتی کر دیں کیونکہ ان ترجمانوں کا یہی کام ہے نواز شریف کیسے چلا، کیا پہنا، شیو کی یا نہیں۔