قائداعظم ٹرافی خیبر پختونخواہ نے بلوچستان کو اننگز اور 122 رنز سے ہرادیا

294
کراچی :قائد اعظم ٹرافی کے 8ویں مرحلے میں خیبرپختونخواہ اوربلوچستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کی تصویری جھلکیاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راؤنڈ میں خیبر پختونخوا نے بلوچستان کو اننگز اور 122 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بلوچستان کے سات کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں 4 شکار کیے ، پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو فاسٹ بولرز جنید خان اور عثمان شنواری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 48 رنز پر بلوچستان کی آدھی ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔ بلوچستان کے بلے باز آف اسپنر ساجد خان کی گھومتی گیندوں کا مقابلہ بھی نہ کرسکے اور پوری ٹیم 36 اوورز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بلوچستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان 40 رنز بناکر ٹاپ اسکور رہے۔آف اسپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں 45 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ بولرز جنید خان اور عثمان شنواری نے میچ میں 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے385 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ فاسٹ بولر جنید خان نے 4 اور عثمان شنواری نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پہلی اننگز میں بھی بلوچستان کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکے تھے۔