ایمر جنگ ٹیمز کپ پاکستان بھارت کو ہراکر فائنل میں پہنچ گیا

435
ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ ، سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑی کابھارتی بلے بازکے آئوٹ ہونے پر جوش انداز،چھوٹی تصویر میں عمیر یوسف میچ آف دی میچ ایوارڈ اٹھائے نظرآرہے ہیں

ڈھاکا (جسارت نیوز) پاکستان کی ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ بھارتی ایمرجنگ ٹیم پہلے سیمی فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست کے بعد باہر ہوگئی، بھارتی ٹیم 268 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بناسکی، عمیر یوسف نے 66 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، بھارت کے سنویر سنگھ کے 76 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، پاکستان کے محمد حسین، سیف بدر نے دو، دو جبکہ عماد بٹ اور عمر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بدھ کو ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان ایمرجنگ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنائے، اوپنر عمیر یوسف نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں سیف بدر نے ناقابل شکست 47، حیدر علی 43 اور کپتان روحیل نذیر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے شیوام ماوی، دوبے اور ہرتھیک شوکین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارتی ایمرجنگ ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بناسکی اور پاکستان نے بھارت کو پہلے سیمی فائنل میچ میں 3 رنز سے شکست دیکر اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ بھارت کے سنویر سنگھ نے 76 رنز بنائے اور رن آئوٹ ہوگئے ارمان جعفر نے 46 رنز بنائے۔ پاکستان کے محمد حسین، سیف بدر نے دو، دو جبکہ عماد بٹ اور عمر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ عمیر یوسف شاندار بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔